این اے 240: عمران خان کا انتخاب کالعدم قرار دینے کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف نے این اے 240 کراچی میں ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات
کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس
میں تحریک انصاف سیاسی کمیٹی نے این اے 240 ضمنی انتخاب کالعدم قرار دینے
کی سفارش کی۔
عمران خان نے الیکشن کمیشن سے این اے 240 کا انتخاب کالعدم
قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حلقے میں الیکشن کمیشن کی
کارکردگی مایوس کن ہے، محض 8 فی صد ووٹنگ عوام کا انتخابی عمل سے لا تعلقی
کا اظہار ہے۔
اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ
خیال کیا گیا، جب کہ پی ٹی آئی سندھ صدر علی زیدی نے این اے 240 ضمنی
انتخاب پر رپورٹ پیش کی، تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے شفاف الیکشن میں
ناکامی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
عمران خان نے کہا تشدد اور دھاندلی
کے باوجود الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخاب کالعدم قرار نہ دینے کا فیصلہ
باعث تعجب ہے، جب کہ ڈسکہ ضمنی الیکشن میں 40 فی صد ٹرن آؤٹ کے باوجود
انتخاب کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔
انھوں نے کہا الیکشن کمیشن کے کردار
اور فیصلہ سازی میں دہرے معیار پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں، الیکشن کمیشن
ضمنی انتخاب کالعدم قرار دے کر از سرنو انتخاب کا شیڈول دے۔