شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کے وہاں پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
صوبہ خیبر پختون خوا کے علاقے وادیِ تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کر کے دہشت گردوں کے پرانے ٹھکانے سے اسلحہ و بارود برآمد کرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع خیبر میں فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگروں کے پرانے ٹھکانے سے 4 کلوگرام بارودی مواد اور 5 عدد دیسی ساختہ بموں سمیت 18 عدد دستی بم بھی قبضہ میں لے لیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے اسلحے میں 2 عدد مشین گن اور سیکڑوں کارتوس شامل ہیں۔