اسلام آباد، سپر ٹیکس
سے جمع ہونے والا پیسہ ضائع نہیں ہوگا، وزیراعظم کہتے ہیں چودہ ماہ میں معاشی
استحکام لانے کی کوشش کریں گے، شہباز
شریف نے جولائی میں لوڈشیڈنگ میں اضافے کا عندیہ بھی دے ڈالا
کنونشن سنٹراسلام آباد میں ٹرن آراوٴنڈ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے
ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری اصل منزل خود انحصاری ہے، فیصلوں
پرمشاورت جمہوری عمل ہے، صاحب ثروت حضرات نے سپر ٹیکس کو صبر شکر سے قبول کیا ہے،
سپر ٹیکس سے جمع ہونے والا پیسہ ضائع نہیں ہوگا اور سرکاری اخراجات پر خرچ نہیں کیا
جائے گا، بلکہ یہ 230 ارب روپے ملکی ترقی و خوش حالی کےلیے استعمال ہوں گے، 14 ماہ
میں معاشی استحکام لانے کی کوشش کریں گے، معاشی استحکام سیاسی
استحکام سے جڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود انحصاری ہی قوم کی سیاسی، معاشی آزادی کی ضمانت
ہے، بنگلہ دیش میں 6 ارب ڈالر کی لاگت سے بڑا انفرا اسٹرکچر بنایا گیا، پاکستان میں
وسائل اور ہنرمند لوگوں کی کمی نہیں، ریکوڈک میں اربوں روپے کا خزانہ دفن ہے، ابھی
تک ہم نے ایک دھیلہ نہیں کمایا مگر اربوں روپے ضائع ہو گئے، مقدمات کی مد میں ہم
نے اربوں روپے ضائع کیے۔
انہوں نے کہا کہ کوئلہ دنیا بھر میں بہت مہنگا ہوگیا ہے، بجلی پلانٹ
چلانے کےلیے کوئلہ درآمد کرنے کا سوچا تو زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہونے کا خدشہ
تھا، اب جولائی میں افغانستان سے کوئلہ آنا شروع ہوجائے گا، پاکستانی روپے میں یہ
کوئلہ خریدا جائے گا، ایک سال میں 2 ارب ڈالر کی بچت ہوگی، اس کوئلے سے بجلی کے
پلانٹس چلائے جائیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے،
گزشتہ حکومت نے گیس کے سستے اور لانگ ٹرم معاہدے نہیں کیے، گزشتہ حکومت نے ترقیاتی
منصوبوں کو التوا کا شکار رکھا، بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ،کیاکیابتاؤں مگر حل کرنے کے لیے
پرعزم ہیں۔