اسلام آباد، عمران خان کا دو
جولائی کو پھر اسلام آباد آنے کا اعلان، چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں ہم نے مشکل حالات میں
بھی عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا، پاکستان کو مزید دلدل میں گرنے
سے بچانے کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی
آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے
ساتھ مل کر ملک اور عوام کے خلاف سازش پر تاریخی احتجاج کریں گے۔
عمران خان کی زیرصدارت اجلاس
ہوا، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور عوام پر مہنگائی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیئرمین
عمران خان نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی پر عوام کی بھرپور ترجمانی کی ہدایت کرتے
ہوئے کہا کہ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت
ناک تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ
امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت
وصول کی، ان ’تجربہ کار‘ چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک
ہے، متنبہ کیا تھا کہ نہایت محنت سے کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدم استحکام کا بوجھ
برداشت نہیں کر پائے گی۔