Jul 15, 2022 03:55 pm
views : 251
Location : domestic place
Islamabad- Tayyaba Gul scandal, Government decides to set up a commission of inquiry
اسلام آباد، حکومت کا طیبہ گل اسکینڈل پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ، وزیراطلاعات کہتی ہیں طیبہ گل کے معاملے پر وزیراعظم ہاؤس سے چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا
حکومت نے طیبہ گل اسکینڈل پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں پٹرول قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں صوبائی سطح پر مکمل مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے، لگژری آئٹمز کی امپورٹ پر پابندی کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ نے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کے تحریری فیصلے کا خیر مقدم کیا، طیبہ گل کا معاملہ بھی کابینہ اجلاس میں زیربحث آیا، کل وزیراعظم ہاؤس سے طبیہ گل کے ساتھ رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے بتایا کہ انہیں اغوا کر کے 18 روز تک وزیراعظم ہاؤس میں رکھا گیا، طیبہ گل سے تمام ثبوت لے لیے گئے، وزیراعظم ہاؤس سے چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے انہیں سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ طیبہ گل کے معاملے پر آزاد اور شفاف انکوائری کمیشن بنایا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف انکوائری کمیشن کی رائے کے مطابق کارروائی کی جائے گی، اس کمیشن کے پیچھے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔