رسالپور،آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے، نواز شریف
پاکستان ائیرفورس اکیڈمی اصغر خان میں 137 ویں جی ڈی پی، 83 ویں انجینئرنگ کورس کی گریجوایشن پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
رسالپورمیں پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان میں 137 ویں جی ڈی پی، 83
ویں انجینئرنگ کورس کی گریجوایشن پریڈ کا انعقاد ہوا۔ رسالپور اکیڈمی میں
113 ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے، پریڈ میں 93 ائیر ڈیفنس، 18 اے اینڈ ایس
ڈی، 6 نیوی گیشن اور2 لاجسٹکس کورسز بھی گریجویشن میں شامل ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم نواز شریف تھے جنہوں نے پریڈ کا معائنہ
کیا، تقریب میں ائیر چیف مارشل سہیل امان سمیت سفارتکار، اعلیٰ فوجی اور
سول حکام ، غیر ملکی عہدیداران بھی تقریب میں موجو دتھے۔
رسالپورمیں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز
شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن اور ذمہ دار ملک ہے، پاکستان تمام
دنیا سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے بالخصوص ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں
ہے جب کہ مسلح افواج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن اور ذمہ دار ملک ہونے کے ساتھ ساتھ امن
پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان خطے کے تمام ممالک سمیت دنیا سے دوستانہ
تعلقات چاہتا ہے بالخصوص ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہیں تاہم ملکی
دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے۔