کراچی، گڈ فرائیڈے کے موقع پر مسیحی برادی کی جانب سے دعائیہ تقریبات کا انعقاد
دنیا بھر کی طرح پاکستان کی مسیحی برادری آج اپنا مذہبی تہوار گڈ فرائیڈے
روایتی مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ سے منارہی ہے، اس سلسلے میں گرجا گھروں
میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ اتوار کو ایسٹر کا تہوار بھی
منایا جائے گا۔
دنیا بھر میں عیسائی مذہب کے ماننے والے اپریل میں ایسٹر سے قبل کے جمعے
کوگڈ فرائیڈےمناتے ہیں اور اس دن کی مناسبت سے مختلف شہروں میں مذہبی
تقریبات منعقد کی جاتی ہیں،عیسائی عقیدے کے مطابق گڈ فرائیڈےوہ دن ہے
جب حضرت عیسیٰ کو فلسطین کے شہر بیت المقدس میں مصلوب کیا گیا تھا۔
مسیحی عقائد کے مطابق گڈ فرائیڈے کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی لازوال
قربانیوں سے تعبیر کرتے ہوئے ان کے ساتھ عقیدت و احترام کا اظہار کیا جاتا
ہے اوراس سلسلے میں ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا
اہتمام کیا جا رہا ہے۔
مسیحیوں کے روزوں کے ایام کی اختتامی تقریبات کا آغاز گزشتہ اتوار پام سنڈے
یا کھجوروں کے اتوار سے ہو گیا تھا جبکہ دنیا بھر کے مسیحی اپنے عقائد کے
مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی صلیبی موت کی یاد آج منا رہے ہیں جسے گڈ
فرائیڈے کے نام سے جانا جاتا ہے، ان عبادتی اجتماعات کا مقصد دراصل کرائسٹ
کے ان دکھوں کو یاد کرنا ہے جو انہوں نے اپنی صلیب پر سہے اور ان کے منہ سے
ادا کیے گئے سات کلمات کی اہمیت کو سمجھنا ہے۔