کراچی، کسٹم پرووینٹو کا کامیاب آپریشن، 28 کروڑ سے زائد کے موبائل فونز برآمد
ماڈل کسٹم کلکٹریٹ پرووینٹو نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے28 کروڑ سے زائد مالیت کے موبائل فونز برآمدکرلیا۔ کسٹم حکام نے ڈی جی کام ٹریڈنگ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف ایف آئی آر 226/2017 درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
کسٹم ہاؤس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کلکٹر کسٹم پرووینٹو ڈاکٹر افتخار احمد نے بتایا کہ کسٹم حکام کو گذشتہ رات 3بجے خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ گل پلازہ کے عقب میں موبائل فونز سے بھرا کنٹینر موجود ہے جس پر کسٹم حکام نے کاروائی کرتے ہوئے کنٹینر کو ٹرک نمبر ٹی ایل ٹی۔374 تحویل میں لے کر کسٹم ہاؤس منتقل کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ چھاپے کے وقت کنٹینر کے پاس مزدوروں کے سوا کوئی نہیں تھا۔ کنٹینرسے برآمد شدہ 63,000 سے زائد موبائل فونز اور ٹیبلٹ کی مالیت مارکیٹ میں 28 کروڑ سے زائد بتائی جاتی ہے۔
ایڈیشنل کلکٹر اے ایس او عامر تھیم نے میڈیا کو بتایا کہ ڈی جی کام ٹریڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ جی ڈی نمبر کے اے پی ڈبیلیو۔ایچ۔73036 نامی کمپنی نے 40 فٹ کنٹینر نمبر کے کے ایف4۔725557۔3 میں ایل ای ڈی لائٹ کاغذات میں شو کرائے تھے جبکہ کنٹینر میں اس کے برعکس موبائل فونز اور ٹیبلٹ لوڈ تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کسٹم حکام تحقیقات کر رہی ہیں کہ بیرون ملک سے 4 کنٹینر ڈی جی کام پرائیویٹ لمیٹڈ کے تحت باہر سے منگوائے گئے ایک کنٹینر کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ 3 کنٹینرز کی تلاش جاری ہے جبکہ کمپنی نے غیر قانونی طریقے سے موبائل فونز منگوا کر قومی خزانے کو 104 ملین سے زائد کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی جسے کسٹم حکام نے ناکام بنادیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹرجمیل بلوچ، ڈپٹی کلکٹر محمد فیصل خان، ایس پی ایس ایم تبسم سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔