ملتان ،صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے موٹر سائیکل ایمبولینس سروس کا افتتاح کردیا
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے شہریوں کو دہلیز پر ایمرجنسی
سروس فراہم کرنے کیلئے ملتان میں فری بائیک ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا
گیاہے،صوبائی وزیر پلاننگ و ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نےرضا ہال میں منعقدہ
پروقار تقریب کے دوران سروس کا باضابطہ افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر پلاننگ ملک ندیم کامران نے کہا کہ صحت
کے شعبے میں حکومت پنجاب نے انقلابی اقدامات کئے ہیں ہر شہری کو دہلیز پر
صحت کی سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اس مقصد کی تکمیل کیلئے وزیر
اعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں 9 سو موٹر سائیکل ایمبولینس سروس شروع کی ہے
ضلع ملتان میں 100 بائیک ایمبولینس فراہم کی گئی ہیں جو رش اور گنجان آباد
علاقوں میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہریوں کو فوری طبی امداد فراہم
کرینگی۔
صوبائی وزیرنے کہا کہ ریسکیو 1122 سمیت تمام سرکاری محکموں میں وزیراعلیٰ
میرٹ پالیسی کے تحت شفاف بھرتیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں جس کی واضح مثال
ایجوکیٹرز پولیس اور ریسکیو میں ہونے والی بھرتیاں ہیں ،ریسکیو کے اہلکار
اﷲ تعالیٰ کی رضا کی خاطر کام کرہے ہیں اور لاکھوں انسانی زندگیوں کے بچاؤ
کی ضمانت ہیں بائیک ایمبولینس سروس سے غریب عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف
ملے گا ۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نذیر, میئر ملتان چودھری
نوید الحق آرائیں, کمشنر ملتان بلال احمد بٹ, ایم پی اے حاجی احسان الدین
قریشی, سلطانہ شاہین, بیگم خولہ امجد, شوکت حیات بوسن سمیت سابق اراکین
اسمبلی اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے ۔