لاہور،تحریک لبیک یارسول اللہ کی پریس کانفرنس
تحریک لبیک یارسول اللہ رانا ثنااللہ کے استعفی کے مطالبے سے
دستربردارہوگئی ہے،نومنتخب چیرمین ضیا اللہ قادری نے کاروان اسلام اباد کو
منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے کہتے ہیں دھرنا اور احتجاجی سیاست ملکی مفاد
میں نہیں۔
ہمدرد ہال لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علما کرام سمیت تیس سے
زائد علما مشائخ کےدھڑوں نے تحریک لبیک کانفرنس میں شرکت کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منتخب چیئرمین تحریک لبیک یارسول اللہ ضیاء
اللہ قادری نے کہا کہ فکرکے بعد مجھے نیا چیئرمین منتخب کیا ہے اور دیگر
عہدیداروں کے انتخاب کا اختیار مجلس شوری ٰ کی منظوری سے کرنے کا اختیار
مجھے دے دیا ہے، مرکزی چیئرمین کی حیثیت سے میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ سڑکوں
پر احتجاج کرنا اور دھرنا دینا قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف
ہے، موجودہ حالات میں کسی کیخلاف نعرے لگانا اور کسی کو کافر قرار دینا
جائز نہیں سمجھتا، گالی گلوچ، ذاتی مفاد کیلئے قومی و ملی یکجہتی کو پارہ
پارہ کرنا، فتویٰ دینا قومی مفاد میں نہیں۔
نو منتخب چیئرمین تحریک لبیک یارسول اللہ نے کہا کہ مجلس شوری ٰ کے متفقہ
فیصلے کے مطابق اسلام آباد کا دھرنا اورکاروان اسلام آباد منسوخ کیا جاتا
ہے، تحریک لبیک یا رسول اللہ کے کارکنوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کسی
مارچ یا دھرنے میں شریک نہ ہوں۔
ضیا اللہ قادری نے مزید کہا کہ مرکزی چیئرمین کی حیثیت سے میں یہ اعلان
کرنا چاہتا ہوں کہ رانا ثناء اللہ کے وضاحتی بیان کو تمام علماء مشائخ اور
مفتیان حضرات نے تسلیم کر لیا ہے اورکسی بھی مسلمان کو کافر قرار دینا یا
اس کیخلاف فتویٰ جاری کرنا کسی طور پر بھی جائز نہیں، اس موقع پر حکومتی
نمائندوں کیساتھ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔