لاہور،وزیر صحت پنجاب نے سہ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ بچے
قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور والدین اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کیلئے
انہیں پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ان کو ساری عمر کی معذوری سے بچایا
جاسکے۔
گورنمنٹ میاں میر ہسپتال لاہور میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے
بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےخواجہ عمران نذیر نے
بتایا کہ آٹھ نومبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے
17لاکھ 30ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے
لئے 4ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر بچوں
کوویکسین کے قطرے پلائیں گی۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ والدین کیلئے سب سے قیمتی اثاثہ اولاد ہوتی ہے
لہٰذاوالدین اپنے بچوں کو صحت مند مستقبل دینے کیلئے انہیں پولیو کے قطرے
لازمی پلوائیں اور اگر کسی گھر تک پولیو ٹیم نہ پہنچے تب بھی والدین کا فرض
ہے کہ وہ قریبی حفاظتی ٹیکوں کے مرکز پر اپنے بچوں کو لیجا کر پولیو
ویکسین کے قطرے پلوائیں۔
وزیر صحت نےمزید کہا کہ مسافر بچوں اور دوسرے صوبوں سے آئے ہوئے خاندانوں
کے بچوں کو پولیو قطرے پلانے کیلئے مائکرو پلاننگ کی گئی ہے اور پشتو بولنے
والے افراد کی بستیوں میں خصوصی طور پر ٹیمیں بھیجی جائیں گی تاکہ کوئی
مسافر بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید سمیر احمد، لارڈ میر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، سی
ای او ہیلتھ ڈاکٹر یداللہ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔