اسلام آباد،افغانستان میں قتل کیے گئے پاکستانی سفارتی اہلکار نیئر اقبال کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
افغانستان کے شہر جلال آباد میں قتل کیے گئے پاکستانی سفارتی اہلکار نیئر
اقبال کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، وزیر خارجہ خواجہ آصف، دفتر خارجہ کے
اعلی حکام اور نمایاں شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی،مرحوم نیئر اقبال
کو افغانستان کے شہر جلال آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے
فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
رانا نیئر اقبال جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے ویزہ سیکشن میں
اسسٹنٹ تھے، مقتول کا جسد خاکی طورخم بارڈر کے راستے پاکستان لایا گیا، جسد
خاکی بعد ازاں مقتول کی اسلام آباد میں رہائش گاہ منتقل کیا گیا،نیئر
اقبال کا تعلق سیالکوٹ سے تھا اور ان کے پانچ بیٹے ہیں۔ حال ہی میں انہیں
جلال آباد میں قائم پاکستانی قونصل خانے میں تعینات کیا گیا تھا۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید
رانانیئر اقبال شہید کو پانچ گولیاں لگیں ،اس سلسلے میں سیکرٹری خارجہ نے
افغان ناظم الامور کو طلب کرکے بھر پور احتجاج کیا ہے اور ان سے سیکیورٹی
کو مزید بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستانی سفیروں نے افغانستان میں
متعلقہ حکام سے ملاقات کی ہے جبکہ افغان حکام کی جانب سے سیکیورٹی مزید
بہترر کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ افغان حکومت معاملے کی تحقیقات کرے گی اور دہشتگردوں کی پناہ گاہوں سے متعلق ہمیں بتائے گی۔