اسلام آباد،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بینک آف چائنہ کے چیئرمین سےملاقات
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نےبینک آف چائنہ کے چیئرمین سےملاقات کی،ملاقات
میں خطے کی اقتصادی صورتحال و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا
گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں منافع بخش تجارتی منصوبے
شروع کرنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کو ہر ممکن
سہولتوں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے بینک آف چائنا کو ملک میں کامیابی سے اپنی سرگرمیاں
جاری رکھنے کیلئے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا
اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ملکوں کے درمیان بینک کاری کے شعبے میں
تعلقات مزید مستحکم کرنے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم
سنگ میل ہے۔
وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اہم
منصوبہ خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے سے دونوں ملکوں
کی قیادت کے پختہ عزم کا واضح ثبوت ہے۔
چن سائی چنگ نے پاکستان میں بینک آف چائنا کی سرگرمیوں کے آغاز میں مدد اور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔