کراچی، چڑیا گھر میں نورجہاں نامی ہتھنی کی چودہویں سالگرہ منائی گئی
پاکستان میں بھی جانوروں سے محبت کا برملا اظہار کیا جاتا ہے ، ایسی ہی ایک
مثال دیکھنے میں آئی کراچی کے چڑیا گھر میں جہاں نور جہاں نامی ہتھنی کی
آج چودہویں سالگرہ منائی گئی۔
کراچی چڑیا گھر میں موجود نورجہاں نامی ہتھنی نے اپنی چودہویں سالگرہ کے موقع پر خود کیک کاٹا اور خوب مزے سے بھی کھایا۔
نور جہاں کی سالگرہ کی تقریب میں شہر بھر سے بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین
نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے نورجہاں کی خوشی کو دوبالا کردیا۔شہریوں کی بڑی
تعداد اپنے درمیان دیکھ کر نور جہاں سوئمنگ پول میں غوطہ زن ہوگئی اور
پانی سے خوب محظوظ ہوئی۔
ننھے بچوں اور لڑکیوں نے نورجہاں کے ساتھ سیلفیز بھی بنوائیں اور اسے پیار بھی کیا۔
تقریب کا انعقاد کرنے والے ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر محمد منصور قاضی کا
کہنا تھا کہ نورجہاں چودہ برس کی ہوگئی ہے۔ عمومی طور پر تیرا برس بعد ان
کی عمریں بالیدگی کو پہنچتی ہیں۔ یہ افریقن ہتھنی ہیں، ویسے تو دنیا میں
ہاتھیوں کی دو اقسام ہیں ایک ایشین اور ایک افریقن کہلاتی جاتی ہے۔ آج سے
چودہ برس قبل تنزانیہ سے نورجہاں کو درآمد کیا گیا تھا۔
نور جہاں کی سالگرہ میں آنے والی بچی نرگس فاطمہ کا کہنا تھا کہ میں آج
خصوصی طور پر نورجہاں کی سالگرہ میں شرکت کیلئے آئی ہوں، مجھے یہاں آکر بہت
خوشی ہوئی ہے ، ایسی تقریب میں شرکت کرنا انتہائی لطف اندوز ہوتا ہے، ہمیں
چاہیے کہ دیگر جانوروں کی بھی سالگرہ کو باقاعدگی سے منایا جائے۔