بدین، طاقتوں کو جلد احساس ہوگا کہ پاکستان صرف عوام کے نمائندے چلا سکتے ہیں ان کے ہاتھ کے بنائے ہوئے نہیں،آصف زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصٖ علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب طاقتوں کو احساس ہوگا کہ پاکستان صرف عوام کے نمائندے چلا سکتے ہیں ان کے ہاتھ کے بنائے ہوئے نہیں۔
بدین میں اجتماع سے خطاب کے دوران آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسا کوئی مسئلہ نہیں جو مجھے معلوم نہیں، جو زمین سمندر برد ہوئی ہے ہم اسے واپس نکال لیں گے،میری نظر میں پاکستان میں اپنا پیسہ بہت ہے، مسئلہ یہ ہے کہ لوگوں کو اعتبار نہیں ہے، آج گنگا الٹی بہہ رہی ، جس کا سب کو نقصان ہورہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ آج اردو میں اس لیے بات کررہا ہوں تاکہ اسلام آباد بھی سنے، ہم اسلام آباد یا پاکستان کے حق پر ڈاکا نہیں ڈالتے تو کوئی ہمارے سندھ کے حق پر بھی ڈاکا نہ ڈالے، اسلام آباد کو سوچنا چاہیے کہ انسان کی بڑی قیمت ہے، پاکستان کو عوام نے بنایا اور وہی اس کے اصل مالک ہیں، آپ نے اسے لڑ کر نہیں بنایا، وہ دن دور نہیں جب طاقتوں کو احساس ہوگا کہ پاکستان صرف عوام کے نمائندے چلا سکتے ہیں آپ کے ہاتھ کے بنائے ہوئے نہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ کچھ دوستوں کو چاہیے کہ بے وقوف بنانا چھوڑ دیں، کسی نے کھیلوں میں حصہ لے لیا اور کرکٹ کا کھلاڑی بن گیا لیکن پاکستان کا لیڈر بننا اس سے اونچی بات ہے۔