پشاور،شہید ایس پی طاہر داوڑ کی نماز جنازہ ادا
افغانستان میں شہید ہونے والے خیبر پختونخوا پولیس کے ایس پی طاہر خان داوڑ کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کردی گئی۔نماز جنازہ سے قبل پولیس کے دستے نے شہید افسر کی میت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
نماز جنازہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر، آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود، شہرام ترکئی اور اجمل وزیر سمیت اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
طاہر خان داوڑ کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ پشاور کے علاقے حیات آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
شہید ایس پی نے 2009 سے 2012 تک ایف آئی اے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا، 2014 میں ڈی ایس پی کرائمز پشاور سرکل اور ڈی ایس پی فقیر آباد رہے۔
طاہر داوڑنے 23 سال تک پولیس میں خدمات انجام دیں، انہیں قائداعظم پولیس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
واضح رہےکہ ایس پی طاہر داوڑ اسلام آباد کے علاقے جی ٹین سے 27 اکتوبر کو لاپتہ ہوئے جن کی لاش دو روز قبل افغانستان کے صوبہ ننگرہا ر سے ملی اور دفتر خارجہ نے بھی ان کی شہادت کی تصدیق کی۔