اسلام آباد، دارالخلافہ اسلام آباد میں سرکاری اسکولوں کی حالت زار کی بہتری کے خواہاں ہیں، شفقت محمود
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ دارالخلافہ اسلام آباد میں سرکاری اسکولوں کی حالت زار کی بہتری کے خواہاں ہیں، تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کی حالت جس طرح ہونی چاہیے وہ نہیں ہے، ہمیں بہت ساری کمی نظر آتی ہیں، پہلے وزارت کیٹ تھی تاہم اسے ختم کردیا گیا ہے لیکن سرکاری اسکولوں کی بہتری کیلئے بہت کچھ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 385 اساتذہ کی نشستیں خالی ہیں، 250 اساتذہ کی ریکروٹمنٹ پبلک سروس کمیشن کے تحت ہونی ہے، 135 اساتذہ ترقی کے منتظر ہیں جبکہ 110 اساتذہ کیلئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو اقدامات اٹھانے کا کہہ دیا ہے اس کے علاوہ 140 اساتذہ کی بھرتی کا مرحلہ جاری ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 1770 اساتذہ ڈیلی ویجز پر گزشتہ آٹھ سے دس سالوں کے دوران اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں جن کو ابھی تک مستقل نہیں کیا گیا، اس ضمن میں قانون کا جائزہ لے رہے ہیں اور میں ذاتی طور پر ان معاملات میں دلچسپی لے رہا ہوں، اسلام آباد میں تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کوئی کسراٹھا نہ رکھی جائے گی۔