میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی حکام نے تجاوزات کے خاتمے کے بعد صدر ، پارکنگ پلازہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ آج ہم نے انسداد تجاوزات کی تمام ٹیموں کے ساتھ
اجلاس کے بعد دورہ کیا اور تجاوزات کے ملبے کو مکمل طور پر ڈمب کرنے کے
ساتھ ساتھ آئندہ کیلئے حکمت عملی بھی مرتب کرلی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ نالوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کو بھی
سپریم کورٹ کے حکم پر ختم کرکے دم لیں گے۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کو
بھی اس حوالے سے ہم نے آگاہ کیاہے۔
وسیم اختر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم آنے والے وقت میں بیدخل ہونے والوں کو
متبادل جگہ فراہم کریں گے اور جو باقاعدہ طور پر کراچی میونسپل کارپوریشن
کے کرائے دار تھے ان کو بھی دوسری مارکیٹوں میں مناسب جگہیں فراہم کی جائیں
گی، ہم کسی کو بھی بے یار ومددگار نہیں چھوڑیں گے، تعاون کرنے والوں کو
ساتھ لے کر وعدہ پورا کریں گے تاہم اس میں وقت درکار ہے کیونکہ یہ پاکستان
کی سب سے بڑی تجاوزات کو ختم کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سب کا شہر ہے، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں
چاہتے، دکانداروں کو چھجے نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہم کراچی کو اس کی
اصل شکل میں بحال کرنا چاہتے ہیں۔