کراچی، قائد آباد چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ، 8 زخمی
شہر قائد کے علاقے قائد آباد چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
کراچی کے علاقے قائد آباد میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 8زخمی ہوگئے،یس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق دھماکا قائد آباد چوک پر حامد اسپتال کے سامنے ہوا تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکا سلنڈر کا تھا یا بارودی مواد کا، تعین کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا جب کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم جائے وقوع پہنچ گئی۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ریسکیو اداروں نے زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ ساڑھے دس بجے کے قریب واقعہ پیش آیا جس میں 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ہیں جبکہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔