اسلام آباد:حالات کے مطابق یو ٹرن نہ لینے والا کامیاب لیڈر نہیں ہوتا: وزیراعظم
عمران خان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے انتخاب پر ڈٹ گئے۔ ان کا کہنا ہے شہباز شریف کو کسی صورت چیئرمین پی اے سی نہیں بنائیں گے، کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے شخص کو چیئرمین نہیں بناسکتے، شہباز شریف کو چیئرمین بنانے سے دنیا میں پاکستان کا مذاق بنے گا۔ وزیراعظم نے نیب کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا نیب چھوٹے چھوٹے مقدمات میں الجھ چکا ہے، کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، نیب کو چھوٹے مقدمات کے بجائے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالنا چاہئے، احتساب قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، ماضی میں کسی وزیراعظم کا دورہ چین اتنا کامیاب نہیں رہا، حالیہ دورہ چین کے مثبت نتائج مرتب ہوں گے، چین کے ساتھ معاہدوں کی تفصیل عام نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا چین کی امداد سے پاکستان کی ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوگا، تجارت و سرمایہ کاری بڑھے گی۔
عمران خان نے کہا منی لانڈرنگ کے خلاف مہم کامیاب جا رہی ہے، دبئی میں پاکستانیوں کی 15 ارب ڈالرز کی جائیداد کا سراغ لگالیا، بیرون ملک جائیداد کے انکشاف پر اپوزیشن کی تنقید بڑھ گئی۔ انہوں نے کہا لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کیلئے مختلف ممالک سے معاہدے کر رہے ہیں، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے ساتھ معاہدے ہوچکے ہیں، معاہدوں سے ملک کی لوٹی دولت واپس لانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من و عن عمل کریں گے، سیرت النبیﷺ کانفرنس بھرپور طریقے سے منعقد کی جائے گی۔