پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنماء حلیم عادل شیخ نے قائد آباد میں ہونے والے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ حلیم عادل شیخ کے ہمراہ مقامی قیادت بھی موجود تھی۔حلیم عادل شیخ نے متاثرین سے ملاقات کی اور تفصیلات معلوم کیں۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ بڑی قربانیوں کے بعد اس شہر کو امن ملا ہے،اس قوم، اداروں اور امن کے دشمن پھر سے امن خراب کرنا چاہتے ہیں،محنت کش دو وقت کی روٹی کمانے والے غریبوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے،عمران خان اس ملک سے دہشتگردی اور دہشتگردوں کے خاتمے کا عزم کرچکے ہیں، کراچی آپریشن میں رینجرز پولیس اور دیگر اداروں نے قربانیاں دی ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس کو سیاسی بنانے کیلئے سندھ حکومت میدان میں ہے،من پسند ایس ایچ اوز لگائے جارہے ہیں، شہداء اور زخمیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اس طرح کے واقعات پر قابو پانے کیلئے سیکورٹی کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔