کراچی :چیف جسٹس کیلئے فیصل رضا عابدی کی اہلیہ کا ویڈیو پیغام
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے ویڈیو پیغام میں عروج رضا عابدی نے کہا کہ فیصل رضا عابدی تحریری معافی نامہ باضابطہ طور پرجمع کرا چکے ہیں جسے قبول کر کے ان کی ضمانت منظور کی جائے۔
ان کی اہلیہ نے کہا کہ فیصل رضا عابدی والد کو 4 دن پہلے شدید ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ اسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ میری ڈیڑھ ماہ کی بچی کو اب تک اس کے والد نے نہیں دیکھا ۔ اس لیے میری چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ انسانی بنیادوں پر معافی نامہ قبول کر کے ضمانت منظور کی جائے۔
فیصل رضا عابدی کو توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد 10 اکتوبرکو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتارکرکے تھانہ سیکرٹریٹ متقل کیا گیا تھا۔ سابق سینیٹر نے توہین عدالت کیس میں 11 اکتوبر تک عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی تاہم پولیس نے موقف دیا کہ انہیں دہشتگردی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے جو گزشتہ رات تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا تھا۔