گلگت: عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا،بلاول بھٹو
پاکستان پییلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ گلگت کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیاجبکہ شہید بھٹو نے اس خطے کی عوام کو ان کے حقوق دلائے۔
گلگت کے پولو گراؤنڈ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری جدوجہد عوام کی حاکمیت کی جدوجہد ہے، میرا اس وادی کے ساتھ تین نسلوں کا رشتہ ہے، اس وادی کی محبت ماں اور نانا سے ورثے میں ملی ہے، آج پہلی بار آپ کے پاس آیا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت میں شہید بی بی نے سول سیکریٹریٹ قائم کیا، عدالتی اصلاحات کیں لیکن پچھلی وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی خودمختاری پر حملے جاری رکھے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج کل تبدیلی کے وعدے کیے جارہے ہیں، تبدیلی کے آغاز میں گلگت بلتستان فنڈ میں 4 ارب کی کمی کردی گئی اور 18 منصوبے ختم کردیئے۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کا جوش بتا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی واحد وفاقی جماعت ہے۔ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی وفاق کو متحد رکھنے اور سب کو حقوق دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہماری جماعت نے گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دیے جو گزشتہ دور میں چھیننے کی کوشش کی گئی۔