اومان ،چئیرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی چار روزہ دورے پر عمان پہنچ گئے
چئیرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی چار روزہ دورے پر عمان پہنچ گئے ہیں،اومان پہنچنے پر ڈاکٹر منشری اور مجلس دولا کے دیگر اراکین نے پر تپاک استقبال کیا۔
چئیرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں ایوان بالا کے اراکین پر مشتمل وفد کا یہ دورہ عمان کی سٹیٹ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر یحییٰ بن محفوظ ال منشری کی دعوت پر کیا جا رہا ہے ۔
چیئرمین سینٹ و اراکین وفد، سینیٹرز محترمہ کلثوم پروین، اعظم خان سواتی، مولا بخش چانڈیو، دلاور خان اور حاجی مومن خان آفریدی اومان کے اڑتالیسویں قومی دن کے موقع پر بطور مہمانان خصوصی، عمان کے سربراہ سلطان قابوس بن سعید السعید کی صدارت میں ہونے والی فوجی پریڈ ملاحظہ کریں گے۔
اس موقع پر دونوں ایوان بالا کے سربراہان کے مابین تکنیکی مہارت کے تبادلے اور پارلیمانی تعاون سے متعلقہ معاہدات پر دستخط بھی کئے جائیں گے
واضح رہے کہ یہ دورہ عمان کے ایوان بالا کے چیئرمین کے رواں سال جنوری میں کیے گئے دورہ پاکستان کے نتیجے میں کیا جا رہا ہے یہ دو طرفہ دورے اس بات کی غماضی کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین عوام کی سطح پر تعلقات اور باہمی دوستی میں اضافہ ہو رہا ہے۔