لاہور،وزیر اعلیٰ پنجاب سے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسے وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرورخان کی قیادت میں راولپنڈی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔
اس موقع وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں،ہمارا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے اوروہ صرف عوامی خدمت ہے،عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے،مشاورت سے مسائل کی نشاندہی کے بعدجامع پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ معیشت کو بحال کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے گئے ہیں،عوام بھروسہ رکھے، یہ مشکلات وقتی ہیں،تحریک انصا ف کی قیادت عوامی مینڈیٹ پر پورا اترے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اقتدار کے ایوانوں میں سادگی کو فروغ دیا ہے ، اس کا آغاز وزیر اعظم عمران خان نے خود مثال قائم کرکے کیا ہے،اراکین اسمبلی عوام سے براہ راست رابطہ رکھیں اوراپنے علاقے میں جاکر عوامی مسائل حل کریں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ عوامی وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر وزیر اعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں،پنجاب عمران خان کے تبدیلی کے ویژن پر پوری طرح عملدآمد کر رہا ہے،ٹیم کی قیادت ایک ایسے سیاست دان کے پاس ہے جو عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہی رکھتا ہے۔
وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے اراکین صوبائی اسمبلی ا مجد محمود چوہدری، عمار صدیق خان،چوہدری محمد عدنان، چوہدری ساجد محمود،لطاسب ستی،عابدہ راجہ، ملک تیمور مسعود، راجہ صغیر، عمر تنویر بٹ، واثق عباسی ،چوہدری جاوید کوثراوردیگر شامل تھے۔