کراچی، انتہائی ناگفتہ بہ حالات کے باوجود پاکستان میں معاشی اہداف حاصل کئے گئے، گورنر سندھ
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ انتہائی ناگفتہ بہ حالات کے باوجود ملٹی نیشنل کمپنیوں نے دنیا بھر سے سب سے زیادہ پاکستان میں شرح نمو حاصل کی۔جس کا موازنہ بھی کیا جاسکتا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ یہاں کی مٹی بہت زرخیز ہے، خراب حالات کے باوجود ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے بارہ فیصد شرح نمو ظاہر کی گئی اور اگر ہم اپنی پالیسیوں کو مزید بہتر کرلیں تو یہ شرح نمو دگنی ہوسکتی ہے۔
کاٹی میں صنعتکار وتاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ آئی پی پیز نے پاکستان میں کروڑوں روپے سے کاروبار کا آغاز کیا اور آج ان کی کمپنیاں اربوں روپے کی بن گئی ہیں۔ پاکستان میں بہت تیزی سے ترقی حاصل ہوئی ہے۔
گورنر سندھ کا یہ بھی کہنا تھاکہ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ کراچی کے موقع پر شہر قائد کیلئے پانچ منصوبوں کا اعلان کیا تھا جن میں تین ڈی سیلی نیشن پلانٹس، نادرن بائی پاس کو چوڑا کرکے سنگل لین سے چھ لین پر کرنا، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانا، گرین لائن بس سروس شروع کرنا اور سرکلر ریلوے کی بحالی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرین لائن بس سروس کا تقریباً اسی فیصد خدوخال مکمل ہوچکا ہے، جس کیلئے ہم آپریشنل پارٹنرز اور آئی پی ایس سسٹم کیلئے اچھا پارٹنر ڈھونڈ رہے ہیں جبکہ ہم چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار کے مشکور ہیں کہ انہوں نے کراچی سرکلر ریلوے پر ہمارے تحفظات کو دور کرنے کیلئے حکم صادر فرمایا ہے۔