اسلام آباد، پاکستان نےامریکی صدرکےغیرضروری،بےبنیاد الزامات مسترد کردئیے،دفترِخارجہ
دفترخارجہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیانات پرامریکی ناظم الامور سے سخت احتجاج کیا ہے۔ پاکستان نےامریکی صدر کے پاکستان کے حوالے سےغیرضروری اور بے بنیاد الزامات مسترد کردئیے۔
اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ سیکرٹری خارجہ نے احتجاجی مراسلہ امریکی حکام کے حوالے کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے پاکستان کے حوالے سےغیرضروری اور بے بنیاد الزامات پرسخت احتجاج کیا ہے۔امریکی صدر کے حالیہ ٹویٹس پرمایوسی کا اظہاربھی کیا گیا۔
اس موقع پر سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے بھاری قیمت پاکستان نےادا کی،القاعدہ کی مرکزی قیادت کو ختم کرنے میں پاکستان کا کردارہرموقع پرسراہا گیا۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بین الاقوامی کوششوں میں پاکستان نے ہرسطح پرکردار ادا کیا،افغانستان میں مفاہمتی کوششوں میں پاکستان اورامریکہ مل کرکام کررہے ہیں۔
سیکرٹری خارجہ نے خبردار کیا کہ امریکا کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے افغان امن عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔