کوالالمپور، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ طے پایا گیا جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا،مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ ہوا جس کے نتیجے میں دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئی گی جبکہ آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان، ملائیشیا مشاورتی اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا جبکہ اقتصادی تعاون، تجارت، اور سرمایہ کاری کی ضرورت پرزور دیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ مہاتیر محمد نے توانائی بحران پرقابو پانے کے لیے پاکستان سے تعاون کے عزم کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ایل این جی، پن بجلی اور قابل تجدید توانائی میں ملائیشیا کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ اعلامیے میں عمران خان اور مہاتیرمحمد نے مسلم امہ کے مضبوط اتحاد، دونوں ممالک کا مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا جبکہ ملائیشیا نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کامیاب کوششوں کو سراہا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے مہاتیر محمد کو آگاہ کیا گیا اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اوآئی سی کا کردار بھی زیرغور آیا۔اعلامیے میں تعلیم، سیاحت، عوامی روابط، سماجی واقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون، حلال مصنوعات کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے پر اتفاق کیا گیا۔