اسلام آباد، ملک کے مختلف شہروں میں میلاد النبی ﷺ کے جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں
ملک بھر میں جشن ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے اور عاشقانِ رسول اپنے اپنے انداز میں نبی مہربان حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
مختلف شہروں میں میلاد النبیﷺ کے جلوس اور ریلیاں برآمد ہونا شروع ہوگئیں،پنجاب کے شہر راجن پور میں مرکزی جلوس چوک الہ آباد سے نکالا گیا جو اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، نارووال شہر اور گرد و نواح میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہے۔
شہر قائد میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد جلوس نکالے گے، جمعیت علماء پاکستان کا جلوس کورنگی سے برآمد ہوگا جبکہ انجمن غوثیہ کا جلوس ٹاور سے آرام باغ تک، جماعت اہلسنت اور انجمن نوجوانان اسلام کا جلوس میمن مسجد سے نکالا گیا اور سنی تحریک کا جلوس جامعہ کلاتھ سے نمائش تک ۔پولیس کی جانب سے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔