لندن:کرپشن پاکستان کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے، چیف جسٹس
چیف جسٹس ثاقب نثار نے برطانوی پارلیمنٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے برطانوی وزیراعظم سے سوال جواب کا سیشن دیکھا۔چیف جسٹس نے برطانوی پارلیمنٹ کے مختلف حصے دیکھے اور ویسٹ منسٹر پیلس کا بھی دورہ کیا۔
چیف جسٹس پاکستان کا برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ سےگفتگو میں کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم بہت زیادہ متنازع ہے لیکن جن ڈیمز پر قومی اتفاق رائے ہو وہ ڈیم بنانا آسان ہے، پانی کی سطح گرگئی ہے اور چند برسوں میں پانی ہوگا نہ ڈیم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، صورتحال کا علم ہونے پر میں نے پانی کی قلت کا معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا جب کہ حالیہ ایک کانفرنس میں غیر ملکیوں نے بتایا کہ پانی کی قلت کے مسئلے سے وہ کیسے نمٹے، نئے ڈیمز کی تعمیر بہت ضروری ہے اور کوئی دوسرا متبادل نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں چار سے پانچ عناصر بہت اہمیت رکھتے ہیں، تعلیم یافتہ افراد اور قابل قیادت بہت اہمیت رکھتی ہے۔