گلگت :ہم نے آمروں کا مقابلہ کیا، اس کٹھ پتلی وزیراعظم کا بھی کریں گے: بلاول بھٹو
گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال دن بدن خراب ہورہی ہے، مہنگائی بڑھ رہی ہے اور قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، وفاقی حکومت غریب دشمن پالیسی بند کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تجاوزات کے نام پر دکانیں توڑ رہی ہے، یہ غریب دشمن حکومت ہے، مشکل فیصلے کرنے سے پہلےغریب عوام کو بچانے کا سوچنا چاہیے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا غیر پیشہ ورانہ انداز سے خارجہ پالیسی چلانا افسوسناک ہے، عمران خان بیرون ملک سیاسی مخالفین کے خلاف باتیں کرتے ہیں، وزیراعظم بیرون ملک وفاق کی نمائندگی کریں۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے سنجیدہ ہوکر کرپشن کو ختم کرنا ہے تو پھر ہمیں سب کا احتساب کرنا پڑے گا، ملک میں سب کے لیے ایک قانون لانا پڑے گا، جو بھی کرپشن کے خاتمے کے طریقہ کار ہوں گے وہ غیر سیاسی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے جب بھی ہمیں بھٹو جیسے لیڈر ملے جو ملک کے مفاد میں سوچ سکتے ہیں اور محروم طبقات کے لیے کام کرتے ہیں تو غیر جمہوری قوتوں نے انہیں منظر سے ہٹادیا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوری حقوق کی جدوجہد کے لیے تیار ہے، ہمیں میڈیا کی آزادی اور انسانی حقوق کے لیے کھڑا ہونا پڑے گا، انصاف کے ادارے تبدیل کرنے پڑیں گے، ہم اس جدوجہد کو لیڈ کرنے کے لیے تیار ہیں۔