اسلام آباد:ٹرمپ کے بیان کے بعد ریکارڈ کی تصیح کیلئے پاکستان نے ٹوئٹ کیے،ترجمان دفترخارجہ
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کے بعد ریکارڈ کی تصحیح کیلئے پاکستان کی جانب سے ٹوئٹ کیے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نے القاعدہ دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے امریکا سے انٹیلی جنس تعاون کیا اور اب امریکا کے براہ راست طالبان سے روابط سے آگاہ ہیں، جس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو دہشت گردی سمیت تمام اہم معاملات پر مذاکرات کی دعوت دی تھی، ہماری کاوشیں جاری ہیں اور کرتار پور پر اچھی خبر جلد سنائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے بیان کو مسترد کرتا ہے، بھارت اپنے داخلی مسائل میں پاکستان کا نام لے کر الیکشن میں فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی جارحیت کی مذمت کرتا ہے اور او آئی سی کی جانب سے بھی کی گئی مذمت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ شہید ایس پی پشاور طاہر داوڑ کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اس حوالے سے افغانستان نے کوئی معلومات نہیں دی تاہم پاکستان میں اس کی تحقیقات جاری ہیں۔