چلاس،وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت اور مہنگائی پر یو ٹرن نہ لیا تو انہیں امپائر بھی نہیں بچاسکے گا،بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت اور مہنگائی پر یو ٹرن نہ لیا تو انہیں امپائر بھی نہیں بچاسکے گا۔
بلاول بھٹو زرداری پانچ روزہ دورے کے آخری روز دیامر پہنچے جہاں انہوں نے ورکر کنونشن سے خطاب کیا،پانچ روزہ دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے گلگت، غذر، ہنزہ نگر میں بھی عوامی جلوسوں سے خطاب کیا،بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمرزمان کائرہ اور گلگت بلتستان کی صوبائی قیادت جلسے میں شریک تھی۔
چلاس میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے ملک کومہنگائی کی سونامی میں ڈبو دیا ہے، پاکستان میں عوام مسائل کا حل چاہتےہیں، عمران خان مہنگائی پر یو ٹرن لیں، پیٹرول پر یو ٹرن لیں، مہنگی بجلی پریوٹرن لیں، اگرایسا نہ ہوا تو امپائر بھی آپ کو نہیں بچا سکے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں تاکہ ان کی مخالفت نہ کی جاسکے، حکومت نے کرپشن کے خاتمے کیلئے کچھ نہیں کیا، جو کچھ ہورہا ہے وہ انتقامی سیاست ہے، اگر کرپشن کو ختم کرنا ہے تو بلا امتیاز احتساب کیا جائے۔