اسلام آباد:چینی قونصلیٹ پر حملہ دہشت گردوں کا بزدلانہ عمل تھا: شاہ محمود قریشی
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قونصلیٹ پر حملے کی کوشش کرنے والے تینوں حملہ آور مارے گئے اور چینی عملہ محفوظ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز بروقت موقع پر پہنچی اور حملے کو ناکام بناتے ہوئے کامیاب آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کو ٹھکانے لگادیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی پہلی ترجیح ویزہ سیکشن میں موجود لوگوں اور عملے کو محفوظ بنانا تھا جس میں وہ کامیاب رہے اور دہشتگرد عملے کو یرغمال بنانے یا انہیں نقصان پہنچانے میں ناکام رہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حملے کے وقت اکیس چینی قونصلیٹ میں موجود تھے جو تمام محفوظ ہیں اور حملے کے بعد چینی قونصل جنرل سے بات ہوئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ سے رابطہ کریں گے، چینی سفیر سے رابطہ ہوا جو پاکستان کی کارروائی سے مطمئن ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کو حملے سے متعلق اطلاعات دے دی گئی ہیں تاکہ چینی وزارت خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے انہیں اعتماد میں لیا جائے۔