کراچی :چینی قونصل خانے پرحملے کی کوشش ناکام 2 پولیس اہلکار شہید 3 دہشت گرد ہلاک
صبح سوا نو بجے کے قریب 3 سے 4 حملہ آوروں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم گارڈز کے روکنے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار شہید اور جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی ، حملے کے دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو مزید پولیس کی نفری بھیجنے کی ہدایت کردی۔مراد علی شاہ نے اے آئی جی کو ہدایت کی کہ آپ خود نگرانی کریں، مجھے پل پل خبردیں، چینی قونصلیٹ کےعملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق دہشت گرد قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے، دہشت گرد قونصل خانے کے احاطے تک پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق چینی قونصلیٹ میں دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنادی گئی، رینجرزقونصلیٹ میں داخل ہوگئی، قونصلیٹ میں موجود تمام عملہ محفوظ ہے۔ صورت حال پرقابوپالیا گیا ہے، علاقہ جلد کلیئرکردیا جائے گا۔