آئی جی سندھ کلیم امام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد قونصلیٹ کے اندر گھسنے کا
ارادہ رکھتے تھے، اس دوران تینوں دہشت گرد مارے گئے، میں سندھ پولیس کے
افسران اور جوانوں کو شاباش اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
چینی قونصلیٹ کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی
جی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دو جوان عامر اور داؤد دہشت گردوں سے
مقابلے کے دوران شہید ہوگئے ہیں ، جوانوں نے ہمارے چینی مہمانوں کی حفاظت
کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ یہ واقعہ نو بجکر دس منٹ پر پیش آیا۔ دہشت
گردوں کے پاس زیادہ تر ہینڈ گرینیڈ اور ایس ایم جیز تھیں
اس موقع پر کرنل محمد فیصل کا کہنا تھا کہ صبح سوا نو بجے کے قریب کلفٹن
بلاک فور میں چینی قونصلیٹ پر تین دہشت گردوں نے حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن
الحمدو اللہ رینجرز اور پولیس کی بروقت اور کامیاب کارروائی کی وجہ سے اس
دہشت گرد حملے کو ناکام بنادیا گیا، ابتدائی تفصیلات کے مطابق تین دہشت
گردوں نے ایک گاڑی سے اتر کر پہلے بیرئیر کو عبور کرنے کی کوشش کی اور
رینجرز وپولیس اہلکار پر فائرنگ کے علاوہ گرینیڈ سے حملہ کیا، دہشت گرد
حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔ ڈیوٹی پر موجود رینجرز اور پولیس
اہلکاروں نے دہشت گردوں سے مقابلہ کیا۔ رینجرز کے سپاہی نجم الدین کی
فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔