اسلام آباد:تحریک لبیک کے رہنماؤں کی گرفتاری کیلیے کریک ڈاؤن جاری
تحریک لبیک کی جانب سے پھر فیض آباد آنے کا اعلان کرنے کے بعد جڑواں شہروں میں پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک لبیک کی مقامی قیادت نے راولپنڈی میں خفیہ مقام پر اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں گرفتاریوں کیخلاف لائحہ عمل طے کیا ۔اطلاعات کے مطابق دھرنے کے لیے آنے والے لوگوں پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے مانیٹرنگ روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف شہروں میں جاری کریک ڈاؤن سے درجنوں کارکنان بشمول سینئر راہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو سو کارکنان جبکہ راولپنڈی پولیس نے تحریک لبیک پاکستان کے 23 سرگرم کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔ فیض آباد انٹرچینج پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ فیض آباد انٹرچینج پر پولیس کے 120 جوانوں و افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔پولیس اہلکاروں کو ہر صورت روڈ کھلا رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور وفاقی پولیس کے افسران سیف سٹی کنٹرول روم سے تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔