اسلام آباد:اینکرڈاکٹر شاہد مسعود5روزہ جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کےسپرد
ایف آئی اے نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار ڈاکٹر شاہد مسعود کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا۔ایف آئی اے کی جانب سے ڈاکٹر شاہد مسعود کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی گئی، جب کہ عدالت میں موجود شاہد مسعود کے وکیل شاہ خاور نے 5 روزہ ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے کا ریمانڈ کافی ہے زیادہ نہ دیا جائے۔
جج نے ایف آئی اے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا آپ نے انکوائری کرلی ہے؟ اس پر پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے خود سرینڈر نہیں کیا، کافی چیزیں باقی ہیں۔ جج نے استفسار کیا کہ کیا یہ پہلا ریمانڈ ہے یا اس سے پہلے بھی ریمانڈ لیا گیا؟، جس پر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ یہ پہلا ریمانڈ ہے، کل ضمانت خارج ہونے پر ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا۔
وکیل پی ٹی وی نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ملزم سے متعلق کچھ ہدایات دیں ہیں ان کو دیکھ لیں،وکیل پی ٹی وی نے ہائی کورٹ کے ریکارڈ کی دستاویزعدالت میں پیش کردیں۔
جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کوئی ریکارڈ ایسا ہے جو آپ نے ابھی اکٹھا کرنا ہے؟ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ اس میں کچھ معلومات درکار ہیں،عدالت نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور 5 روز بعد 28 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔