کراچی، وزیر بلدیات سندھ کی شہید کانسٹیبل عامر خان کے اہل خانہ سے تعزیت
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی گزشتہ روز چینی قونصلیٹ پر دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے کانسٹیبل عامر خان کی رہائشگاہ پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر سعید غنی کے ہمراہ نجمی عالم اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
سعید غنی نے شہید عامر خان کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی اور شہید عامر خان کے بھائیوں ، اہل خانہ اور رشتہ داروں سے تعزیت کی۔
اس موقع پر سعید غنی کا کہنا تھا کہ شہید عامرخان نے اس ملک کی بقإ اور سالمیت کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔شہید عامر خان نے اس ملک میں بڑی دہشتگردی کو اپنی جان دے کر بچایا ہے۔ہمیں اپنے شہدا پر ناز ہے، جو اس ملک کی سالمیت کے لئے اپنی جانوں کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس تکلیف کی گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ برابر کی شریک ہے اور ہم ان کے بچوں اور اہل خانہ کو کسی صورت بھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔