لاہور،ہمیں امن کی ضرورت ہے اور حکومت کو اپنی کارروائیوں پر غور کرنا چاہیے،سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان کو اس وقت بین الاقوامی سازشوں کا سامنا ہے ،چین کے قونصلیٹ پر حملہ اور اورکزئی ایجنسی میں دھماکہ ان پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہے جو نہیں چاہتیں کہ پاکستان ترقی کرے، ان سازشوں کا مقابلہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ قوم ایک پیج پر ہو، قومی یکجہتی کے لیے ضروری ہے کہ حکومت پہل کرتے ہوئے اس طرف قدم بڑھائے۔
لاہور میں خاتم الانبیا ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اس وقت اسمبلیوں کے اندر اور باہر بھی لڑائیاں ہورہی ہیں،حکومت کا رویہ مخالفتوں میں اضافے کا سبب بن رہاہے، حکومت کے پہلے سو دن پورے ہونے میں چار دن باقی ہیں لیکن ملک میں دور دور تک تبدیلی کے کوئی آثار نہیں، اگرتبدیلی آئی ہے تو وہ صرف مہنگائی کی صورت میں آئی ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ چہر ے تو بدلے ہیں مگر حکومتی رویہ تبدیل نہیں ہوا، حکومت میں اب بھی وہی لوگ ہیں جو اس قوم کی محرومیوں کے ذمہ دار ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھاہمیں امن کی ضرورت ہے اور حکومت کو اپنی کارروائیوں پر غور کرنا چاہیے جبکہ ملک میں کوئی محفوظ نہیں رہا، میں یوٹرن اور اباؤٹ ٹرن کی بات نہیں کرتا، بلکہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کی بات کرتا ہوں، حکومت جو کام اپنی مدت کے آخر میں کرتی ہے وہ موجودہ حکومت نے آغاز میں ہی شروع کردیئے۔