اسلام آباد :رائل ملائیشین فضائیہ کے سربراہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
رائل ملائیشین فضائیہ کے سربراہ جنرل تان سری دتو ، سری حاجی آفندی بن بوآنگ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ۔
جنرل تان سری دتو نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا کر پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے انکے آفس میں ملاقات کی جس میں دونوں سربراہان نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا۔جنرل تان سری دتونے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کو سراہا ۔ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے خود انحصاری کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں معزز شخصیات نے باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیاجس کی بدولت دونوں فضائی افواج کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت ملنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔
رائل ملائیشین فضائیہ کے سربراہ پاک فضائیہ کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں ۔ وہ 27نومبر کو کراچی میں شروع ہونے والی آئیڈیاز- 2018 میں بھی شرکت کریں گے ۔