کراچی: کے فور منصوبے کو مل کر مکمل کرنے پر سندھ اور وفاق میں اتفاق
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران پانی کے مسائل، تقسیم، چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس پر بات چیت ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں پانی کی بندش اور کے فور منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ زیر التوا معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ٹیلی میٹر کے مسئلے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ 4 بجے گورنر کے پاس جا رہے ہیں، کے فور پر بریفنگ دیں گے۔ ٹاسک فورس کی تجویز دی ہے جس کے سربراہ وزیر اعلیٰ ہوں گے، کمیٹی میں ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ بھی شامل ہوں گے۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے لیے بری خبر ہے میں ان کی طرف آرہا ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ کسی صوبے کے آئینی اختیارات میں مداخلت کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پانی سمجھوتے کے عملدر آمد پر ہم نے ہمیشہ بات کی ہے، بلوچستان کو تب پورا پانی ملے گا جب سکھر بیراج کی پوزیشن ٹھیک ہوگی۔ بھرپور کوشش ہوتی ہے بلوچ بھائیوں کو پورا پانی فراہم کریں۔
صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا تھا کہ پانی چوری میں جو بھی ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی کریں گے، واٹر بورڈ میں کسی کے خلاف کوئی ثبوت ہوا تو کارروائی کریں گے، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف روزانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔