کراچی، صرف کراچی میں پانچ لاکھ لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں، فاروق ستار
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی کے سابق رکن ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایک طرف لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کی باتیں ہورہی ہیں جبکہ دوسری طرف صرف کراچی میں پانچ لاکھ لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں ۔
ایک تقریب سے خطاب کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ لائٹ ہاؤس لنڈا بازار میں موجود دکاندار کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے باقاعدہ قانونی طور پر کرائے دار تھے۔ مجھے نہیں معلوم کہ چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار نے اس حوالے سے کیا حکم دیا تھا البتہ میرے علم میں یہ آیا تھا کہ انہوں نے صدر اور اس کے اطراف میں تجاوزات اور ناجائز قابضین کے خلاف حکم صادر فرمایا تھا ۔
فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ برنس روڈ اور آرام باغ کے اطراف کی ساریں مارکیٹیں جو قانونی طور پر پانچ دہائیوں سے کرائے دار رہے ہیں انہیں اچانک نوٹس دے کر منہدم کردیا گیا تاہم ان دکانوں کے مالکان نے تو اتنے عرصے میں کچھ جمع کرکے دوسرا کام شروع کردیا ہوگا لیکن ان دکانوں پر ملازمت کرنے والے اب کہاں جائیں، یہ سوچنا میئر کراچی ،بلدیاتی اداروں، صوبائی اور وفاقی حکومت کا کام ہے۔ یہ ظلم اور ناانصافی ہے۔ یہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں ہے۔