لندن، پاکستان کی ترقی کیلئے بلاتفریق احتساب ضروری ہے، چیف جسٹس
چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ بچوں کی زندگی بچانی ہے، ڈیم کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔
لندن میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ڈیموں کی تعمیر کیلئے عالمی ادارے فنڈزدینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واپڈاچیئرمین کے مطابق ادارے فنڈزدینے کیلئے رابطہ کررہے ہیں، پچھلے دنوں واٹرکانفرنس میں ورلڈ بینک کے نمائندے بھی شریک تھے۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ بھاشا ڈیم کی تعمیرکے خلاف بھارت عالمی عدالت گیا تودیکھا جائے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ملکی یکجہتی کے لیے کالا باغ ڈیم پرچاروں بھائیوں کا متفق ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ کے پیسے کے استعمال کا طریقہ کاربنائیں گے، ویب سائٹ بنا کرفنڈز،عطیات کے پیسے کا حساب ڈالیں گے، فنڈزسے 2 روپے بھی خرچ ہوئے ریکارڈ ویب سائٹ پرمہیا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی کے لیے بلاتفریق احتساب ضروری ہے، سب کا احتساب ہونا چاہیے، کوئی بھی مبرا نہیں ہے، احتساب کےعمل میں کسی سے رعایت ممکن ہی نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ڈیم پاکستان کے لیے ناگزیرہیں، بچوں کی زندگی بچانی ہے، ڈیم کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اوورسیزپاکستانیوں کواپنے دل سے لگاتے ہیں، ملک کے بچوں کے لیے تعمیری کردارادا کرنا ہے، تعمیری کام کی سوچ اور جذبہ ملک کے بچوں کو دیکھ کرملتا ہے۔