کراچی، پاکستان بھر میں پانی کا بحران شدت اختیار کرنے لگا
پاکستان بھر میں پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ قلت آب کی وجہ سے
لوگ پانی کیلئے دربدر مارے مارے پھرنے لگے۔ گھروں میں پینے کا صاف پانی تک
میسر نہ رہا۔ عوام پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہوتے جارہے ہیں۔ گھروں
کے بچے، جوان اور بڑے اور بوڑھے سب پانی کے حصول کیلئے قطاریں بنانے پر
مجبور ہیں۔ موجودہ حالات ریاستی سطح پر پانی بحران سے نبٹنے کیلئے کوئی
جامع پالیسی مرتب کئے جانے کے متقاضی ہیں۔
پینے کے پانی کیلئے قطار میں لگے ایک بزرگ شہری سرفراز حسین کا کہنا تھا کہ
شہریوں کو قلب آب کا سامنا تو یقیناًہے حکومت نے ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا
ہے اچھا ہوگا پانی کا بحران ختم ہوجائے گا لیکن ہمیں تکلیفوں کا سامنا کرنا
پڑرہا ہے۔
ایک شہری محمد ریحان کا کہنا تھا کہ گھروں میں گندا اور بدبو دار پانی آرہا
ہے، لائنیں بچھے ہونے کے باوجود گھروں کو پانی نہیں مل رہا، حکومت کو سب
چیزیں نظر آرہی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے اس ضمن میں کوئی خاطر خواہ
اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں۔
ایک اور شہری محمد رضوان کا کہنا تھاکہ ہم فلٹر کا پانی بھرنے پر مجبور
ہیں، لائنوں میں کافی عرصے سے پانی میں بدبو آرہی ہے جس کی وجہ سے فلٹر
پلانٹ سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔