Oct 18, 2019 08:00 pm
views : 275
Location : Different Places
Larkana- PS-11 by-polls PPP loses Larkana seat to GDA's Abbasi
لاڑکانہ،ہوم گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی کو دوسری بار شکست
گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے پیپلز پارٹی کو ہوم گراﺅنڈ میں دوسری بار شکست دے دی۔
سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ 2 میں پیپلز پارٹی کا جادو کام آیا اور نہ ہی بلاول بھٹو زرداری کی 5 روزہ انتخابی مہم سیٹ دلوا سکی۔ جی ڈی اے کے امیدوار معظم علی عباسی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو کو 5 ہزار 556 ووٹوں سے شکست دے دی۔
خیال رہے کہ جی ڈی اے کے معظم علی عباسی کی جانب سے اثاثے چھپانے پر پی ایس 11 لاڑکانہ 2 کی سیٹ خالی ہوئی تھی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 11 کے انتخابی نتائج میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ ہم دوبارہ الیکشن کراکے اپنی انتخابی نشست واپس لیں گے۔اپنے بیان میں بلاول نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا گیا، پولنگ کا عمل جان بوجھ کر سست کردیا گیا اور دوران پولنگ ہماری خواتین ووٹرز کو ہراساں کیا گیا جب کہ خواتین کو جی ڈی اے کو ووٹ دینے کے لیے دھمکیاں دی گئیں۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری اپیل کا نوٹس نہیں لیا، الیکشن کمیشن کو بتایا مگر اس کی خاموشی میں بدنیتی کا ارادہ واضح تھا، ہم دھاندلی کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی نتیجے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت کو چھپایا نہیں جاسکتا، ہم اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے ہم دوبارہ الیکشن میں اپنی نشست واپس لیں گے، ہم نے سیاسی انجینئرنگ کے باوجود مخالف اتحاد کے ووٹوں کی برتری کم کردی۔