اسلام آباد، العزیزیہ کیس، ہائی کورٹ نے نواز شریف کی عبوری ضمانت منگل تک منظور کرلی
http://www.tnnasia.tv
اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی 20 لاکھ روپے کےعوض منگل تک ضمانت منظور کرلی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست کی جلد سماعت کےلیے شہباز شریف کی درخواست کی سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے نواز شریف کی صحت سے متعلق نئی رپورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کو مائنر (ہلکا) ہارٹ اٹیک ہوا ہے اور ان کی جان کو خطرہ ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اگر طبیعت انتہائی تشویشناک ہے تو بتائیں، کیا فریقین نے لاہور میں ضمانت کی مخالفت کی؟۔ وکیل نے بتایا کہ زیادہ مخالفت نہیں کی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سزا یافتہ قیدی کے معاملے میں صوبائی حکومت کو اختیار ہے وہ سزا معطل کر سکتی ہے، ڈویژن بنچ نے اس معاملے کو منگل کے لیے رکھا ہے، فریقین اور پنجاب حکومت کو بلاکر پوچھ لیتے ہیں، میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں بھی تحریر ہے کہ نواز شریف کی طبیعت تشویشناک ہے، ایسی صورت میں معاملہ عدالت میں نہیں آنے چاہیے۔
عدالت نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور چئیرمین نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج ہی کوئی نمائندہ مقرر کر کے چار بجے عدالت بھجوائیں، متعلقہ حکام اپنے نمائندے منتخب کرکے رپورٹ پیش کریں۔