Oct 27, 2019 07:30 pm
views : 297
Location : Different Places
Karachi- Tomatoes Price Hike
کراچی،چند دنوں میں ٹماٹر کی قیمت میں چولیس فیصد اضافہ
عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی دعووں کی قلعی کھل گئی۔ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں۔ ہفتہ وار بازاروں میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئیں۔
ہفتہ وار بازار بھی سستے نہ رہے، مہنگائی کے مارے عوام دہائیاں دینے لگے، مرغی اور گوشت تو دور کی بات، عوام سبزیاں خریدنے کے بھی قابل نہیں رہے۔ گزشتہ چند دنوں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں چوالیس فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔شہرکے مختلف بازاروںمیں ٹماٹر اسی سے ایک سو بیس روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔
شہری کہتے ہیں اب تو چٹنی کیساتھ روٹی کھانا بھی مشکل ہو گیا، نوبت فاقوں تک آن پہنچی ہے۔ پہلی بار سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں تو ایسے میں عوام کیساتھ بیچنے والے بھی پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے دعوے کر کے اب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی، حکومت عوام پر رحم کرے۔
ایک خاتون کا ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے،ہمارے ملک میں سبزی کی تو مہنگی ہونی ہی نہیں چاہیے،گوشت اور مرغی تو دور اب تو سبزی بھی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے۔
دکاندار ندیم کا کہنا تھا کہ بارشوں کی وجہ سے ٹماٹر کی فصل متاثر ہوئی ہے افغانستان اور ایران سے ٹماٹرآرہا ہے اسلئے مہنگا ہے۔