کالائس، برطانیہ کے بعد فرانس میں تارکین وطن سے بھرا ایک اور کنٹینر پکڑا گیا
http://www.tnnasia.tv
برطانیہ کے بعد فرانس میں تارکین وطن سے بھرا کنٹینر پکڑا گیا، پولیس نے کنٹینر سے برآمد ہونے والے 8 افراد کو اسپتال منتقل کردیا ہے جب کہ 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فرانس کی کالائس بندر گاہ پر معمول کی تلاشی کے دوران ایک کنٹینٹر کو جب کھولا گیا تو اس میں سے 8 تارکین وطن پائے گئے جو غیر قانونی طور پر برطانیہ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ریفریجریٹڈ کنٹینر سے ملنے والے تمام تارکین وطن افغان شہری ہیں، کنٹینر کا درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
تمام تارکین وطن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہےاور طبی معائنے کے بعد ان سے تفتیش کا عمل شروع ہوگا جب کہ 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ کنٹینر سے ملنے والے افراد کی حالت تشویشناک تھی اور اگر وہ مزید وقت کنٹینر میں گزارتے تو ان کی جان جا سکتی تھی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل برطانیہ کی کاؤنٹی ایسکس کے علاقے واٹر گلیڈ انڈسٹریل پارک میں ایک کنٹینر سے 39 لاشیں برآمد ہوئی تھیں جنہیں پولیس نے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا تھا۔