لاہور،عدالتوں کو ہائی جیک نہیں کرنے دیں گے،خواجہ سعد
لیگی رہنما خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ عدالتوں کو ہائی جیک نہیں کرنے دیں گے،پولیس نے خواجہ سعد رفیق کو میڈیا سے گفتگو کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کیس میں احتساب عدالت پیشی کے موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عدالتوں کو ہائی جیک نہیں کرنے دیں گے ،پولیس نے خواجہ سعد رفیق کو میڈیا سے گفتگو کرنے سے روک دیا،خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق احاطہ عدالت میں پولیس کا حصار توڑتے ہوئے حمزہ شہباز سے جا ملے اور انہیں گلے بھی لگایا جس پر انہیں پولیس کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خواجہ برادران نے پولیس کے رویے پر سخت احتجاج کیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے جس کے تحت سیاسی شخصیات کو عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کی اجازت نہیں ہو گی اور میڈیا پر سیاسی شخصیات کی فوٹیج بنانے پر بھی پابندی ہو گی۔
خواجہ سعد رفیق نے عدالت میں پولیس کے رویے پرگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے آج ناروا برتاو کیا گیا ہے،ہم نے ہمیشہ انتظامیہ سے تعاون کیا ہے،میڈیا کو بھی مجھ سے بات نہیں کرنے دی جا رہی،کیا ہم اپنا موقف بھی بیان نہیں کر سکتے؟ ایسا رویہ تو آمریت میں بھی نہیں برتا گیا،جسٹس جوا د الحسن نے ریمارکس دیئے آپ تحریری درخواست جمع کروائیں، ہم فیصلہ کریں گے۔